پی ایس ایل کے افق پر ابھرتا ہوا برائن لارا

ملتان: پاکستان سپر لیگ کے افق سے ابھرتے ہوئے فیوچر اسٹارز میں سے ایک ملتان سلطانز کے نوجوان بیٹسمین ہیں جو اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف شاندار نصف سنچری بنا کر مرکز نگاہ بن گئے ہیں۔

اس نوجوان پلیئر کے بیٹنگ اسٹائل کو دیکھ کر لوگوں اور اہل خانہ کا کہنا ہے کہ انہیں لیجنڈری برائن لارا کی یاد تازہ ہوگئی ہے۔

29گیندوں پر نصف سنچری اسکور کرنے والے نوجوان بیٹسمین شائقین اور اہل خانہ کے ساتھ ساتھ کرکٹ حلقوں کے دلوں میں بھی گھر کر گئے ہیں اور ذیشان اشرف کو پی ایس ایل کا برائن لارا قرار دیا جارہا ہے۔

Zeeshan Ashraf revealed that he is competing with Kamran Akmal in the Pakistan Super League PSL Multan Sultans Peshawar Zalmi cricket

ایک انٹرویو میں جب ذیشان اشرف کے والدین سے پوچھا گیا کہ ذیشان اشرف کا بیٹنگ کا انداز کس کی طرح لگتا ہے تو والد نے بتایا کہ گھر میں سب اسے برائن لارا کہتے ہیں، وہ برائن لارا کے نام سے مشہور ہیں۔

والد نے کہا کہ چونکہ اب پی ایس ایل ہوم گراؤنڈ ملتان میں آ رہا ہے تو وہ بیٹے کی ٹیم کا میچ دیکھنے کے لیے خصوصی انتظامات کریں گے، بڑے اسکرین نصب کریں گے اور سب کو مل کر میچ دیکھنے کی دعوت دیں گے۔

محمد اشرف کا کہنا تھا کہ اہل خانہ ذیشان اشرف کو ملتان سلطانز کی جانب سے کھیلتا دیکھ کر بے حد خوش ہیں، بیٹے کو سخت محنت کا پھل مل رہا ہے، ہم بیٹے کے مستقبل اور کامیابی کے لیے دعاگو ہیں۔

دوسری جانب ذیشان اشرف کا کہنا ہے کہ وہ پی ایس ایل میں عمدہ کارکردگی کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہیں اور خواہش ہے کہ رواں سال ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان کی نمائندگی کروں، اپنا مقصد حاصل کرنے کے لیے پرامید ہوں۔