پاکستان کے دیوالیہ ہونے کا خطرہ مکمل طور پر ٹل گیا ، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف

میانوالی : وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان کے دیوالیہ ہونے کا خطرہ مکمل طور پر ٹل گیا اور معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے میانوالی میں چشمہ فائیونیوکلیئرپاورپلانٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا، اس موقع پر تقریب سےخطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا چشمہ 5نیوکلیئر پلانٹ منصوبہ اہم سنگ میل ہے اور دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کا عکاس ہے، پاکستان اور چین کےدرمیان دیرینہ اور دوستانہ تعلقات ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جوہری پروگرام کی عالمی ایجنسی نے بھی منصوبے کو محفوظ قراردیا، افواہیں پھیلائی گئیں کہ پاکستان ڈیفالٹ کرجائے گا، ایسے منصوبوں کا افتتاح افواہیں پھیلانے والوں کو مؤثر جواب ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے ڈیفالٹ ہونے کاخطرہ مکمل طورپر ٹل گیاہے اور آئی ایم ایف پروگرام کی منظوری سے معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے۔

انھوں نے چین، سعودی عرب اور یواےای کی معاونت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ 48 سے 72 گھنٹوں کے دوران ساڑھے چار ارب ڈالر پاکستان آئے ، عظیم دوست کے مشکل وقت میں تعاون کو کبھی نہیں بھولیں گے۔

شہباز شریف کا چینی صدر ،حکومت اور عوام کا بھی تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہنا تھا کہ 4ماہ میں چین نے پاکستان کی مدد کیلئے متعدد اقدامات کئے، چشمہ 5نیوکلیئر پلانٹ سستی توانائی پالیسی کا تسلسل ہے۔