کراچی : قومی ایئرلائن پی آئی اے کی جانب سے ریاض ایئرپورٹ اتھارٹی کے واجبات ادا نہ کرنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔
ریاض ایئرپورٹ اتھارٹی نے پی آئی اے انتظامیہ کو ادائیگی سے متعلق خط ارسال کردیا، خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ قومی ایئرلائن نے ریاض ائیرپورٹ اتھارٹی کو 6 ماہ سے ادائیگی نہیں کی تھی۔
ریاض ایئرپورٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ پی آئی اے نے82لاکھ ریال سے زائد کے واجبات ادا نہیں کئے، خط میں پی آئی اے کو 15جولائی تک واجبات ادا کرنے کی وارننگ دی گئی ہے۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ریاض ایئرپورٹ اتھارٹی نے پی آئی اے کو ونٹر شیڈول فلائٹ کا سلاٹ ادائیگی سے مشروط کردیا، واجبات ادا نہیں کئے تو ونٹر سلاٹ میں بھی کمی کردی جائے گی۔
اس کے علاوہ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ سعودی ایوی ایشن نے پی آئی اے کو ادائیگی کے لئے بھی وارننگ جاری کررکھی ہے، اس حوالے سے ترجمان پی آئی اے نے بھی تصدیق کی ہے کہ ریاض ایئرپورٹ اتھارٹی نے واجبات کی ادائیگی کیلئے ریمائنڈر جاری کیا ہے۔