دنیائے کرکٹ میں کئی عالمی اور ملکی اعزازات اپنے نام کرنے والے ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے پی ایس ایل میں منفرد اعزاز پالیا۔
ملتان سلطانز کے کپتان اور وکٹ کیپر بلے باز بھرپور فارم میں ہیں اور مسلسل شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے اب تک کئی عالمی اور ملکی اعزازات اپنے نام کرچکے ہیں اور گزشتہ روز انہوں نے پاکستان سپر لیگ میں ایک منفرد اعزاز حاصل کرلیا۔
پی ایس ایل 8 کے گزشتہ روز کھیلے گئے کوالیفائر میچ میں جب سلطانوں کے کپتان محمد رضوان 17 کے انفرادی اسکور پر پہنچے تو رواں ایونٹ میں ان کا یہ 500 واں رن تھا اس کے ساتھ ہی وہ ایک منفرد ریکارڈ کے حامل ہوگئے۔
محمد رضوان پاکستان سپر لیگ کے مسلسل تین ایڈیشنز میں 500 رنز بنانے والے پہلے بلے باز بن گئے ہیں۔ رواں ایونٹ میں ان کے رنز کی تعداد 516 ہوچکی ہے جب کہ گزشتہ سال پی ایس ایل 7 میں انہوں نے 546 جبکہ 2021 میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن میں انہوں نے 500 رنز بنائے تھے۔
وکٹ کیپر بلے باز نے ابھی فائنل میچ کھیلنا ہے۔ اگر وہ اس اننگ میں 31 رنز بنانے م کامیاب رہے تو پی ایس ایل کے ایک ایڈیشن میں زیادہ رنز بنانے کا اپنا ریکارڈ ہی توڑ دیں گے۔