سڑکوں کی تعمیر و مرمت کا فنڈ کہاں ہے؟ لیاری ٹاؤن کی وضاحت

لیاری ٹاؤن

کراچی : شہر قائد کی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے حوالے سے اے آر وائی نیوز کی خبر پر میونسپل کمشنر لیاری ٹاؤن نے وضاحت جاری کردی۔

اس حوالے سے میونسپل کمشنر لیاری ٹاؤن حماد این ڈی خان نے واضح کیا ہے کہ روڈ کٹنگ پر ٹاؤن کو ملنے والی رقم محفوظ ہے۔

اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے رقم ملنے کی تصدیق کیا اور بتایا کہ رقم آئندہ ماہ سے لیاری ٹرانسفارمیشن پیکیج پرخرچ ہوگی، ماسٹر پلان پر کام جاری ہے۔

حماد این ڈی خان نے کہا کہ پہلے فیز میں پانچ ارب روپے خرچ کیے جائیں گے، روڈز کٹنگ کی رقم پر نئی پی سی ون بھی بنا کر حکومت کو بھیج دی گئی ہے اور اس کی منظوری بھی دی جاچکی ہے۔

میونسپل کمشنر لیاری ٹاون کا مزید کہنا تھا کہ آئندہ ماہ سے ٹینڈرنگ پراسیس شروع کریں گے، لیاری میں روڈز کی کٹنگ سے ٹاؤن کا زیادہ نقصان ہوا ہے۔

مزید پڑھیں : کراچی کی سڑکوں کے لیے ملنے والا اربوں روپے کا فنڈ کہاں گیا؟ اہم انکشافات

واضح رہے کہ اے آر وائی نیوز نے اپنی رپورٹ میں ٹاؤن چیئرمینوں کو شہر کراچی کی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کیلیے دس ارب روپے سے زائد فنڈز کی فراہمی اور اس کی بندر بانٹ کا انکشاف کیا تھا۔