(17 جولائی 2025): فیصل آباد کے علاقے دھپ سڑی میں ریکارڈ یافتہ ڈاکو پولیس کی حراست سے فرار ہوگیا۔
پولیس حکام کے مطابق برآمدگی کیلیے جاتے ہوئے موٹرسائیکل سوار 3 ساتھی ریکارڈ یافتہ ڈاکو کو چھڑوا کر لے گئے، پولیس نے ملزمان کا پیچھا کیا اور ناکے پر فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں ڈاکو کامران اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوا۔
حکام نے بتایا کہ گرفتار ڈاکو کے حملہ آور ساتھی موٹرسائیکل پر فرار ہوگئے، ملزم کامران ڈکیتی کے درجن سے زائد مقدمات میں ملوث ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سیشن کورٹ سے 2 ملزمان پولیس حراست سے فرار
پولیس نے بتایا کہ مقابلے کے بعد زخمی ڈاکو کامران کو دوبارہ گرفتار کر لیا گیا۔
گزشتہ روز اسلام آباد میں پولیس کی تحویل سے ریپ کیس کا ملزم فرار ہوگیا تھا جسے دو روز قبل گرفتار کیا گیا تھا۔ ملزم کے خلاف تھانہ بنی گالہ میں 12 اپریل کو 11 سالہ بچی سے جنسی زیادتی کا مقدمہ درج ہوا تھا۔
ملزم حمزہ کو 2 دن پہلے جنسی زیادتی کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا اور بعد میں تفتیشی افسر نے عدالت سے ملزم کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کیا۔
تفتیشی افسر نے ملزم کو ایس ایس آئی یو کے اہلکاروں کے حوالے کیا تھا تاہم ملزم ہتھکڑی سے ہاتھ نکال کر فرار ہوگیا۔
پولیس کی حراست سے ملزم کے فرار پر ڈی آئی جی آپریشن نے نوٹس لیتے ہوئے تفتیشی افسر سمیت دو تھانوں کے محرر کو معطل کر دیا۔