کراچی: شہر قائد میں ڈاکوؤں کی جانب سے ڈیلیوری بوائے کے ساتھ ‘رحم دلی’ کا ایک اور واقعہ سامنے آ گیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ایک فوٹیج سامنے آئی ہے جس میں لوٹ مار کے بعد ڈیلیوری بوائے کو اس کا لوٹا سامان واپس کیا جا رہا ہے، اور ڈاکو نے ستم رسیدہ لڑکے کو تسلی کے لیے گلے بھی لگایا۔
یہ واقعہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے الفلاح سوسائٹی میں پیش آیا، جس میں ڈاکو کو ‘بڑے دل’ کا مظاہرہ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
الفلاح سوسائٹی میں موٹر سائیکل سوار ڈاکو شہری کو لوٹنے آئے تو شہری نے اپنی مجبوریاں بیان کر ڈالیں، ‘رحم دل’ ڈکیت نے شہری کو سامان بھی واپس کر دیا اور تھپکیاں بھی دیتا رہا۔
کراچی کے علاقے الفلاح میں ایک اور ڈاکو نے ڈیلیوری بوائے کو گلے لگا کر تھپکیاں دی اور سامان واپس کردیا ، اس سے قبل جون 2020 میں واقع پیش آیا تھا@NKMalazai @Samarjournalist@DMCSindhPolice@PoliceMediaCell @nasrullahpaki #deliveryguy #streetcrime #karachi pic.twitter.com/HpavWkqRqO
— Nazir Shah (@SsyedHhussain) September 9, 2021
یاد رہے کہ اس سے قبل جون 2020 میں بھی ایک ڈیلیوری کمپنی کے رائڈر کے ساتھ ایسا ہی واقعہ پیش آیا تھا۔
پلاؤ کھانے، ٹھنڈی بوتلیں پینے کے بعد ڈاکوؤں نے فوڈ سینٹر کو لوٹ لیا (سنسنی خیز فوٹیجز)
گزشتہ روز کے سی سی ٹی وی فوٹیج میں شہری کو مجبوریاں بیان کرتے اور ڈاکو کو اسے تھپکیاں دیتے دیکھا جا سکتا ہے، موٹر سائیکل پر سوار دونوں ڈاکو شہری کی مجبوریاں سن کر خالی ہاتھ لوٹ گئے۔
واضح رہے کہ آج کراچی کے علاقے بہادر آباد میں ڈاکوؤں نے پلاؤ کھانے اور ٹھنڈی بوتلیں پینے کے بعد ایک فوڈ سینٹر کو لوٹ لیا، چھوٹے سے فوڈ سینٹر پر لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز میں واردات کے ہر لمحے کی تیاری محفوظ ہو گئی، لیکن بدقسمتی سے وقت سے قبل کوئی ان کا نوٹس نہ لے سکا۔