کراچی: مسلح ملزمان کی گھر میں ڈکیتی، ایک کروڑ روپے مالیت کا سونا اور کیش لوٹ کر فرار

کراچی ڈکیتی

کراچی : شہر قائد کے علاقے گلبرگ میں مسلح ڈاکو گھر میں ڈکیتی کے دوران ایک کروڑ روپے مالیت کا سونا اور کیش لوٹ کر فرار ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلبرگ میں واقع گھر میں ڈکیتی کی واردات ہوئی ، جس میں ملزمان ایک کروڑ روپے مالیت کا سونا اور کیش لوٹ کر فرار ہوگئے۔

پولیس حکام نے بتایا کہ گزشتہ رات تین بجے 8 ڈاکو ریٹائرڈ افسرکے گھر میں داخل ہوئے، ڈاکوؤں نے گھر کے افراد کو یرغمال بنا کر تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔

حکام کا کہنا تھا کہ ڈاکو 35 لاکھ روپے، امریکی اور کینڈین ڈالرز لوٹ کر فرار ہوگئے جبکہ سونے چاندی کے سیٹ، انگھوٹیاں و دیگر قیمتی سامان بھی لوٹ کر لے گئے ہیں۔

یاد رہے گذشتہ ماہ کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز فائیو خیابان مومن کے قریب ڈکیتی کی واردات میں مسلح ملزمان چھپن لاکھ روپے اور موبائل فون لوٹ کر فرار ہو گئے تھے۔

ڈکیتی کی واردات گزری تھانے کی حدود میں ہوئی، 5 ملزمان دیوار پر لگی خاردار تار کاٹ کر گھر میں داخل ہوئے، اور اہل خانہ کو یرغمال بنا کر لوٹ مار کی۔