لاہور: وزیراعظم عمران خان کے بھانجے شیرشاہ کے گھر ڈکیتی کا واقعہ پیش آیا جس کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق لاہور میں مقیم وزیر اعظم عمران خان کے بھانجے کی رہائش گاہ میں گزشتہ روز مسلح افراد داخل ہوئے اور انہوں نے اسلحے کے زور پر اہل خانہ کو لوٹ لیا۔
نقاب پوش ڈاکوؤں نے خواتین سے 8 طلائی چوڑیاں اتروائیں، گھر میں موجود پستول چھینا اور چیک پر 30 لاکھ روپے کی رقم لکھ کر بھانجے کی اہلیہ سے زبردستی دستخط کروا کے فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق تین مسلح ڈاکو رات چار بجے کے قریب گھر میں داخل ہوئے۔
https://www.facebook.com/arynewsasia/videos/567472747427368/
دوسری جانب وزیراعظم کے بھانجے کے گھر پیش آنے والے ڈکیتی کے واقعے کا مقدمہ شیر شاہ کی مدعیت میں درج کرلیا گیا۔ ایف آئی آر کے متن میں لکھا گیا ہے کہ ڈاکو قیمتی چوڑیاں، پستول اور چیک پر رقم لکھ کر اس پر دستخط کروا کے فرار ہوگئے۔ پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کردیا۔
علاوہ ازیں لاہور میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران نقب زنی اور ڈکیتی کی تین درجن سے زائد وارداتیں رپورٹ ہوئیں، جس کی وجہ سے شہری ایک کروڑ سے زائد مالیت کے زیورات اور نقدی سمیت دیگر قیمتی اشیاء سے محروم ہوگئے۔
نمائندہ اے آر وائی نیوزبابر خان کے مطابق چوبیس گھنٹوں کے دوران لاکھوں روپے مالیت کی گاڑیوں اور موٹرسائیکل چوری کے واقعات بھی پیش آئے۔