روہت شرما کی کپتانی کے حوالے سے سابق بھارتی پیسر ظہیر خان کا کہنا ہے کہ انھوں نے اپنی کپتانی میں ہر کھلاڑی کو اعتماد دیا۔
نجی چینل کے لیے اپنی ماہرانہ رائے کا اظہار کرتے ہوئے ظہیر خان نے کہا کہ ہر کوئی جانتا ہے کہ روہت تمام پلیئرز پر کتنا اثرانداز ہوئے ہیں۔ وہ پلیئرز سے اچھی طرح بات چیت کرتے ہیں۔ وہ ہر کھلاڑی کو کافی اعتماد دیتے ہیں اور ان سے بہترین کارکردگی لیتے ہیں۔
ظہیر خان نے کہا کہ یہ ان کی کپتانی کا خاصہ رہا ہے اور وہ ورلڈ کپ میں خود سامنے آکر قیادت کرتے رہے ہیں۔ وہ خود جا کر کھلاڑیوں سے بات کرتے ہیں جس کے باعث وہ بہتر کارکردگی دکھاتے ہیں۔ لہذا مجھے لگتا ہے کہ وہ ایک بہترین لیڈر ہیں۔
روہت کے بطور اوپنر کردار کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ٹیسٹ میں جب سے روہت نے اوپننگ شروی کی ہے، انھوں نے مشکل ترین حالات میں کچھ شاندار سنچریاں اسکور کی ہیں۔ انگلینڈ میں بھی انھوں نے کافی بہتر بیٹنگ کی تھی۔
انھوں نے کہا کہ انگلینڈ اور بھارت کے درمیان پانچ ٹیسٹ میچز کی سیریز ہے، اس لیے نہ صرف ایک بلے باز کے طور پر بلکہ ایک لیڈر کے طور پر بھی۔ روہت کے ذہن میں بہت کچھ ہوگا۔
انھیں ہیڈ کوچ راہول ڈریوڈ اور سلیکٹرز کے ساتھ مل کر یہ دیکھنا ہوگا کہ وہ ٹیم میں موجود کھلاڑیوں کو کیسے روٹیٹ کرسکتے ہیں۔
ظہیر خان نے کہا کہ دونوں ٹیمیں کھلاڑیوں کو روٹیٹ کرنے کے لیے کوشاں ہوں گی کیونکہ پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں چیلنجز ہوتے ہیں اور آپ کو حکمت عملی کے ساتھ انا کا سامنا کرنا ہوتا ہے۔