بھارتی کرکٹ ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی کا عالمی چیمپئن بنوانے والے کپتان روہت شرما پر شائقین نے ملکی پرچم کے بے حرمتی کا الزام عائد کردیا۔
جنوی افریقہ کے خلاف آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا فائنل جیتنے کے بعد روہت ہوائوں میں اڑ رہے تھے اور اس دوران انھوں نے جذباتی ہوکربھارتی پرچم کو بارباڈوس کے کنگسٹن اوول اسٹیڈیم کی زمین میں گاڑنے کی کوشش کی تھی اور ان کی یہ تصویر میڈیا کی بھی زینت بنی تھی۔
وطن واپس پہنچنے اور بھارتی وزیراعظم سے ملاقات کے بعد روہت شرما نے پیر کی شام سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر اپنی پروفائل تصویر تبدیل کی اور وہی تصویر لگائی جس میں وہ بھارتی پرچم گراؤنڈ میں گاڑتے نظر آرہے ہیں۔
تاہم بہت سے مداح روہت کی تصویر کے انتخاب سے ناخوش نظر آئے اور ان پر ہندوستانی پرچم کی بے حرمتی کا الزام عائد کرتے ہوئے غصے کا اظہار کیا۔
انھوں نے کرکٹ کے میدان پر بھارتی غلبے کو ظاہر کرنے کے لیے شاید اس تصویر کا منتخب کیا ہوگا لیکن شائقین نے اسے غیر ملکی سرزمین پر نامناسب اقدام سے تعبیر کیا ہے اور ان کا ماننا ہے کہ یہ عمل اس علاقے کی ملکیت کی علامت ہے۔
زیادہ تر لوگوں نے ان پر ترنگے کی توہین کا الزام عائد کیا ہے کیونکہ تصویر میں پرچم کا کچھ حصہ نیچے گراؤنڈ کو بھی چھورہا ہے۔
شائقین نے نیشنل آنر ایکٹ 1971 کی ایک شق کا بھی حوالہ دیا ہے جس میں ’جھنڈے کو جان بوجھ کر زمین یا فرش یا پانی میں پھینکنے کی ممانعت کی گئی ہے‘۔
خیال رہے کہ روہت شرما نے ورلڈکپ فائنل جیتنے کے بعد جذبات میں آکر پچ کی مٹی بھی کھائی تھی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی، روہت شرما کا کہنا تھا کہ جب میں پچ پر گیا تو میں ان لمحات کو محسوس کررہا تھا۔