روہت شرما نے سری لنکا کیخلاف منفرد ریکارڈ بنا دیا

روہت شرما

بھارت کی وائٹ بال ٹیم کے کپتان روہت شرما نے سری لنکا کے دوسرے ون ڈے میچ میں منفرد ریکارڈ بنادیا۔

گزشتہ روز سری لنکا نے بھارت کو دوسرے ون ڈے میں شکست سے دوچار کرتے ہوئے تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی، بھارتی بیٹنگ لائن دوسرے ون ڈے میں بھی ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ڈھیر ہوگئی تھی۔

240 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پوری مہمان ٹیم 208 رنز پر آل آؤٹ ہوئی تھی ، کپتان روہت شرما 64 اور اکشر پٹیل 44 کے علاوہ کوئی بیٹر قابل ذکر کارکردگی نہ دکھا سکا تھا۔

تاہم بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں بطور اوپنر 300 چھکے لگانے والے بیٹر بن گئے ہیں۔

روہت شرما نے دوسرے ون ڈے میں اپنی 64 رنز کی اننگ میں چار چھکے اور پانچ چوکے لگائے تھے۔

روہت شرما نے 177 میچوں میں 302 چھکے لگائے ہیں جبکہ 280 میچوں میں ویسٹ انڈین لیجنڈ کرس گیل  328 چھکوں کے ساتھ فہرست میں پہلے نمبر پر ہیں۔

سری لنکا کے سابق اوپنر سنتھ جے سوریا 263 چھکوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔