بھارتی کپتان روہت شرما نے ورلڈ کپ کے آخری گروپ میچ میں کئی ریکارڈ کو پاش پاش کرتے ہوئے ایک نئی تاریخ بنا ڈالی۔
بھارتی کپتان روہت شرما جو رواں ورلڈ کپ کے دوران بھرپور فارم میں ہیں اور تین سنچریوں کے ساتھ اب تک 503 رنز بنا چکے ہیں یوں وہ لگاتار ورلڈ کپ کے دو ٹورنامنٹس میں 500 سے زائد رنز بنانے والے دنیا کے واحد بیٹر بن گئے ہیں۔
شرما نے 2019 کے ورلڈ کپ میں انہوں نے 648 رنز اسکور کیے گئے جب کہ اسی ایڈیشن میں انہوں نے 5 سنچریاں بھی بنانے کا منفرد اعزاز حاصل کیا تھا۔
انہوں نے بنگلورو میں نیدر لینڈز کے خلاف میچ میں ورلڈ کپ کے کسی بھی ایڈیشن میں بطور کپتان سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ بھی بنایا۔
روہت شرما نے دو چھکوں سے مزین 61 رنز کی اننگ کھیلی جس کے ساتھ ہی ان کے رواں ورلڈ کپ میں بطور قائد لگائے گئے چھکوں کی تعداد 24 ہو گئی اس سے ورلڈ کپ کے کسی بھی ایونٹ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ سابق انگلش قائد ایون مورگن کے پاس تھا جنہوں نے 2019 کے عالمی کپ میں 22 چھکے لگائے تھے۔
بھارتی کپتان نے گزشتہ روز ڈچ بولر کولن ایکرمین کی گیند پر جب پہلا چھکا مارا تو اس کے ساتھ ہی وہ ایک کلینڈر ایئر میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والے بیٹر بھی بن گئے۔
وہ رواں سال اب تک 60 چھکے لگا چکے ہیں جب کہ بھارتی ٹیم نے سیمی فائنل اور ممکنہ طور پر فائنل کے علاوہ آسٹریلیا کے خلاف میگا ایونٹ کے بعد تین ٹی 20 میچز کی سیریز بھی کھیلنی ہے اور روہت کی فارم دیکھتے ہوئے ان کے چھکوں کی تعداد مزید بڑھ سکتی ہے۔
اس سے قبل ایک کلینڈر ایئر میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا عالمی ریکارڈ سابق جنوبی افریقی بیٹر اے بی ڈی ویلیئرز کے پاس تھا جنہوں نے 2015 میں 58 چھکے لگائے تھے۔
ایک سال میں سب سے زیادہ چھکے لگانے میں سابق کریبیئن بیٹر کرس گیل 2019 میں 56 چھکوں کے ساتھ تیسرے جب کہ سابق قومی کپتان شاہد آفریدی 2020 میں 48 چھکوں کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔