ممبئی: بالی وڈ کے تجربہ کار فلم ہدایت کار رویت شیٹی نے کامیڈی سے بھرپور فرنچائز ’گول مال‘ کے مداحوں بڑی خوشخبری سنا دی۔
بالی وڈ ہنگامہ کی رپورٹ کے مطابق ’گول مال‘ فرنچائز کامیڈی فلموں کیلیے مشہور ہے جس نے دیکھنے والوں کو خوف لطف اندوز کیا۔
ہدایت کار رویت شیٹی اس وقت اپنی ویب سیریز ’انڈین پولیس فورس‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں اور اس دوران انہوں نے ’گول مال 5‘ کے آنے کی تصدیق کر کے مداحوں کو خوش کر دیا۔
اس بارے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رویت شیٹی نے بتایا کہ گول مال 5 ضرور بنائی جائے گی، شائقین کے ردعمل کو مدِ نظر رکھتے ہوئے اسے جلدی بناؤں گا۔
رویت شیٹی نے کہا کہ میرا خیال ہے فلم اگلے دو سالوں تک آ جائے گی اور یہ فرنچائز کی پچھلی پیشکش سے تھوڑی مختلف اور بڑی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں ’آل دی بیسٹ‘ اور ’گول مال‘ سے اب کچھ بڑا ہونا چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ میرا مطلب فلم میں ایکشن لانا نہیں ہے، میں گول مال میں ایکشن شامل نہیں کر سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ گول مال کے لاتعداد مداح ہیں اور میں انہی کیلیے فلم بناتا ہوں، اگلی فلم بڑی ہوگی اور کامیڈی سے بھرپور ہوگی۔