روہت شیٹی نے شاہ رخ خان کی فلم ’جوان‘ پر خاموشی توڑ دی

روہت شیٹی نے شاہ رخ خان کی فلم ’جوان‘ پر خاموشی توڑ دی

ممبئی: بالی وڈ کے نامور فلم ہدایتکار روہت شیٹی نے سُپر اسٹار شاہ رخ خان کی آئندہ ریلیز ہونے والی فلم ’جوان‘ پر اپنے ردعمل کا اظہار کر دیا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق روہت شیٹی بہت جلد ریئلٹی شو ’خطروں کے کھلاڑی‘ کے 13ویں سیزن کی میزبان کرتے ہوئے نظر آئیں گے جس کی تشہیر کیلیے وہ انٹرویوز دے رہے ہیں۔

روہت شیٹی نے حالیہ انٹرویو میں ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ’جوان‘ کے پرومو نے مجھے کافی متاثر کیا، ایٹلی بہت زبردست ڈائریکٹر ہیں، میں نے آج تک ان کی کوئی فلم نہیں چھوڑی۔

انہوں نے کہا کہ خوشی ہوئی کہ ان کی فلم ’پٹھان‘ نے ریکارڈ توڑ بزنس کیا اور اب امید ہے کہ ’جوان‘ بھی کامیابی کے جھنڈے گاڑے گی۔

انٹرویو میں جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ مستقبل میں سُپر اسٹار شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں تو ان کا جواب تھا: ’جی ہاں بالکل! اگر کوئی اچھی اسکرپٹ ملی تو میں ضرور کروں گا۔‘

یاد رہے کہ شاہ رخ خان روہت شیٹی کی فلم ’چنائی ایکسپریس‘ اور ’دل والے‘ میں مرکزی کردار نبھا چکے ہیں۔

دوسری جانب روہت شیٹی او ٹی ٹی ڈیبیو ویب سیریز ’انڈین پولیس فورس‘ کے ساتھ کرنے والے ہیں جس میں سدھارتھ ملہوترا، شلپا شیٹی اور وویک اوبرائے اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔

ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ کی پیشکش فلم ’جوان‘ کے ڈائریکٹر ایٹلی ہیں جبکہ شاہ رخ خان کی اہلیہ گوری خان اس پروجیکٹ کی پروڈیوسر ہیں۔ فلم دنیا بھر کے سنیما گھروں میں 7 ستمبر 2023 کو ہندی، تامل اور تیلگو زبانوں میں ریلیز ہوگی۔