رونالڈو کی مبہم سوشل میڈیا پوسٹ سے مداح تذبذب کا شکار ہوگئے

رونالڈو کا فٹبال کلب النصر چھوڑنے کا اشارہ

دنیائے فٹبال کے مایہ ناز کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو نے سعودی پرو لیگ کے اختتام کے چند گھنٹوں بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر مبہم پوسٹ شیئر کی جس نے مداحوں کو تذبذب کا شکار کر ڈالا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق 40 سالہ کرسٹیانو رونالڈو نے ایکس پر پوسٹ مین لکھا کہ یہ باب ختم ہوگیا ہے جبکہ کہانی ابھی بھی لکھی جا رہی ہے، میں آپ سب کا مشکور ہوں۔

کرسٹیانو رونالڈو نے اس پیغام کے ساتھ النصر جرسی میں اپنی تصویر بھی شیئر کی۔ اسٹار فٹبالر کے پیغام نے ان کے مستقبل کے بارے میں ایک بحث چھیڑ دی ہے۔

پرتگالی فٹبالر نے دسمبر 2022 میں مانچسٹر یونائیٹڈ سے ہائی پروفائل اخراج کے بعد النصر میں شمولیت اختیار کی تھی۔ موجودہ کلب کے ساتھ ان کا معاہدہ 30 جون 2025 کو ختم ہو رہا ہے جبکہ انہوں نے ٹیم کے ساتھ کوئی بڑا ٹائٹل نہیں جیتا۔

یہ بھی پڑھیں: کرسٹیانو رونالڈو دنیا میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والے ایتھلیٹ بن گئے

النصر کلب کو جاپان کے کاواساکی فرنٹیل کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ سعودی پرو لیگ میں اس کی پوزیشن تیسرے نمبر پر رہی۔

فیفا کلب ورلڈ کپ 14 جون 2025 سے دوبارہ شروع ہونے والا ہے لیکن رونالڈو ٹورنامنٹ سے محروم رہیں گے کیونکہ النصر نے ٹورنامنٹ کیلیے کوالیفائی نہیں کیا۔

فیفا کے صدر نے اسٹار فٹبالر کے سعودی کلب سے علیحدگی کا اشارہ دیا۔ انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا کہ رونالڈو کلب ورلڈ کپ میں بھی کسی ایک ٹیم کیلیے کھیل سکتے ہیں، کچھ کلبوں کے ساتھ بات چیت ہو رہی ہے۔

النصر کو سعودی پرو لیگ کے آخری کھیل میں الفتح کے خلاف 3-2 سے شکست ہوئی۔