شیخوپورہ میں بارش کے باعث گھر کی چھت گرنے سے تین خواتین سمیت چار افراد جاں بحق ہوگئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پنجاب کے شہر شیخوپورہ میں بارش کے باعث گھر کی چھت گر گئی جس کے نتیجے میں تین خواتین سمیت چار افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔
ریسکیو حکام کا بتانا ہے کہ افسوسناک حادثہ صدیقیہ کالونی میلاد چوک کے قریب پیش آیا۔
جاں بحق افراد میں 55 سال کی کوثر بی بی، 50 سالہ بانو، 35 سالہ مفیظہ اور 25 سال کے علی رضا شامل ہیں۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ملبے میں دب کر سات افراد زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ لاہور میں ہونے والی موسلا دھا بارش نے تیس سالہ ریکارڈ توڑ دیا، سب سے زیادہ بارش 315 ملی میٹر تاجپورہ میں ریکارڈ کی گئی جبکہ لکشمی چوک 170، نشتر ٹاون 162 اور چوک ناخدا میں 155 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
سیالکوٹ اور گردونواح میں وقفے وقفے سے بارش ہورہی ہے، بارش نے میونسپل انتظامیہ کی کارکردگی کا پول کھول دیا ہے، سڑکوں گلیوں میں پانی جمع ہے، شہریوں کو آمدورفت میں دشواری کا سامنا ہے۔