کراچی، ناظم آباد میں 34 لاکھ سے زائد کی بینک ڈکیتی، سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی

کراچی: شہر قائد کے علاقے ناظم آباد میں 34 لاکھ روپے سے زائد کی بینک ڈکیتی کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ناظم آباد میں 6 ڈاکو بینک سے 34 لاکھ روپے سے زائد لوٹ کر فرار ہوگئے، فوٹیج میں مسلح افراد کو بینک میں داخل ہوکر لوگوں کو دھمکاتے دیکھا جاسکتا ہے۔

پولیس کے مطابق ڈاکوؤں نے بینک کے گیٹ پر گارڈ کو قابو کیا پھر اندر داخل ہوئے، سی سی ٹی وی فوٹیج میں ایک ڈکیت کا چہرہ واضح دیکھا جاسکتا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ 6 ڈکیتوں نے 34 لاکھ روپے سے زائد کی واردات کی ہے، ملزمان نے بینک کے کیش کاؤنٹر سے رقم لوٹی اور جاتے جاتے گارڈز کا اسلحہ بھی ساتھ لے گئے۔

پولیس کا مزید کہنا ہے کہ مزاحمت نہ کرنے پر تینوں سیکیورٹی گارڈ کو شک کی بنیاد پر حراست میں لے لیا گیا ہے اور واقعے کی تفتیش جاری ہے۔

پولیس وردی میں ڈکیتیاں کرنے والا ایرانی گروہ پکڑا گیا

ادھر کھارادرمیں پولیس وردی میں ڈکیتیاں کرنے والا ایرانی گروہ گرفتارکرلیا گیا، ایس ایس پی ایسٹ کا کہنا تھا کہ ملزمان کا گروہ 9 ممالک میں ڈکیتیاں کرچکا ہے۔

ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق گروہ کرولا گاڑیاں کرائے پر لے کر شہریوں سے تلاشی کے بہانے ڈکیتیاں کرتا تھا۔

واضح رہے کہ رواں سال فروری میں کراچی کے علاقے ڈیفنس میں ایک بینک میں 10 سے زائد ڈکیتوں نے کارروائی کی ناکامی پر فرار ہوگئے تھے۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں 2 سیکیورٹی کراچی کے نجی بینک میں ڈکیتی کرکے فرار ہوگئے تھے۔