بھارتی اداکارہ روچی گجر نے پیسے نہ دینے پر پروڈیوسر کرن سنگھ چوہان کو چپل دے ماری جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
اداکارہ روچی گجر ممبئی کے سینی پولس ٹھیٹر پہنچی اور پروڈیوسر کرن سنگھ چوہان کو اپنے پیسے واپس نہ دینے پر چپل مار دی۔
ویڈیو میں اداکارہ کو پروڈیوسرز سے بحث کرتے اور چیختے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، اس کے بعد انہوں نے پروڈیوسر کو چپل ماری، وہ احتجاج کرنے گروپ کے ساتھ ٹھیٹر پہنچی تھیں جہاں پروڈیوسر بھی موجود تھے۔
رپورٹ کے مطابق روچی گجر اور فلم کے پروڈیوسر کرن سنگھ چوہان کے درمیان مالی تنازع چل رہا ہے۔ اداکارہ نے کرن سنگھ چوہان پر لاکھوں روپے کی دھوکہ دہی کا الزام لگایا ہے۔
پروڈیوسر کرن سنگھ نے گزشتہ سال ان سے رابطہ کیا تھا اور دعویٰ کیا تھا کہ وہ ایک ہندی ٹیلی ویژن سیریل بنا رہے ہیں جو جلد ہی سونی ٹی وی پر نشر کیا جائے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ کا کہنا تھا کہ ‘انہوں نے مجھے بطور شریک پروڈیوسر شامل کرنے کی پیشکش کی اور پروجیکٹ سے متعلق دستاویزات بھی بھیجیں’۔ پیشکش پر یقین کرتے ہوئے، روچی نے کہا کہ اس نے جولائی 2023 اور جنوری 2024 کے درمیان چوہان کے اسٹوڈیو سے منسلک اکاؤنٹس میں اپنی کمپنی، ایس آر ایونٹس اینڈ انٹرٹینمنٹ سے کئی ادائیگیاں منتقل کیں اور پروجیکٹ کبھی شروع نہیں ہوا۔
ممبئی پولیس نے 36 سالہ چوہان کے خلاف اداکارہ روچی کو 25 لاکھ روپے کا دھوکہ دینے کے الزام میں ایف آئی آر درج کی ہے۔