سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی القادر ٹرسٹ کیس میں گرفتاری پر روس نے بھی بیان جاری کر دیا۔
روسی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ عمران خان کی گرفتاری کے معاملے کو دیکھ رہے ہیں، معاملات پرامن طریقے سے حل کرنے پر زور دیتے ہیں۔
روس نے کہا کہ امید ہے کہ پاکستان میں احتجاج سنگین صورتحال اختیار نہیں کرے گا، امید ہے کہ پاکستان میں حالات جلد ہی معمول پر آجائیں گے۔
عمران خان کی گرفتاری پر گزشتہ روز یورپی یونین نے بھی ردعمل دیا تھا۔ ترجمان یورپی یونین خارجہ اُمور کا کہنا تھا کہ یورپی یونین زور دیتی ہے کہ ایسے مشکل اور کشیدہ وقت میں تحمل کی ضرورت ہے، پاکستان کو درپیش چیلنجز سے صرف پاکستانی خود نمٹ سکتے ہیں۔
یورپی یونین کا کہنا تھا کہ چیلنجز سے مخلصانہ بات چیت اور قانون کی حکمرانی کے ذریعے نمٹا جا سکتا ہے۔
برطانوی وزیر اعظم رشی سونک بھی چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری پر بیان دے چکے ہیں۔ رشی سونک نے گرفتاری کو پاکستان کا اندرونی معاملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ برطانیہ پاکستان کی صورتحال کو مانیٹر کر رہا ہے۔