روس جو اس وقت یوکرین سے جنگ کے میدان میں نبرد آزما ہے اسے برطانیہ نے اپنے ملک کے لیے سب سے بڑا خطرہ قرار دے دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق برطانیہ کے دفاعی انٹیلی جنس ایجنسی کے سربراہ ایڈرین برڈ نے رائل یونائیٹڈ سروسز انسٹی ٹیوٹ کے ایک پروگرام میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماسکو دہائی کے آخر تک لندن کے لیے بنیادی خطرہ رہے گا۔
ایڈرین برڈ نے مزید کہا کہ برطانیہ کی غیر صوابدیدی سلامتی کی ترجیح یورو- اٹلانٹک کا ہمارا آبائی علاقہ ہونا چاہیے تاہم ہمیں یہ خدشہ ہے کہ روس 2030 تک برطانیہ کی سرزمین کے لیے سب سے بڑا خطرہ رہے گا۔
دفاعی انٹیلیجنس سربراہ نے یہ تو نہیں بتایا کہ روس برطانیہ کے لیے اس دہائی کے بعد خطرہ کیوں نہیں رہے گا تاہم یہ ضرور کہا کہ 2030 کے بعد چین برطانیہ کے بیرون ملک مفادات اور اقتصادی سلامتی کے لیے سب سے بڑا چیلنج پیش کرے گا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ لندن کو چین کی طرف سے پیش کیے جانے والے چیلنج خطرات پیدا کریں گے کیونکہ یہ برطانیہ کے لئے تمام شعبوں میں براہ راست تصادم کریں گے۔
انہوں نے چین کی فوج، انٹیلی جنس، خلائی اور سائبر صلاحیتوں کو بھی برطانیہ کے لیے “بڑھتا ہوا خطرہ” قرار دیا۔