روس کا ٹرمپ کی دھمکی پر شدید ردعمل

روس کا ٹرمپ کی دھمکی پر شدید ردعمل

(16 جولائی 2025): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پابندیوں کی دھمکی پر روسی وزیرِ خارجہ سرگئی لاوروف نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق روسی وزیرِ خارجہ سرگئی لاوروف نے امریکی صدر نے بیان پر ردعمل میں کہا کہ جاننا چاہتے ہیں کہ ٹرمپ کے بیان کے پیچھے محرکات کیا ہیں؟۔

روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ کبھی چوبیس گھنٹے، کبھی سو دن اور اب پچاس دن، یہ سب دیکھ چکے ہیں اور اب واقعی سمجھنا چاہتے ہیں کہ امریکی صدر یہ سب کچھ کیوں کہہ رہے ہیں۔

روسی وزیرِ خارجہ سرگئی لاوروف نے یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے پچاس روز کی مہلت اور بصورت دیگر سو فیصد تجارتی محصولات عائد کرنے کی دھمکی کو روس کو یکسر مسترد کرتے ہوئے ”ناقابل قبول“ قرار دے دیا۔


امید ہے پیوٹن 50 روز میں اپنی رائے بدل لیں گے، ٹرمپ


روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کا کہنا ہے کہ روس اس طرح کے دباؤ میں آنے والا ملک نہیں اور ہر قسم کی نئی پابندی کا سامنا کرنے کے لیے مکمل تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ یورپی یونین امریکی صدر پر یوکرین کو مزید ہتھیار فراہم کرنے کے لیے ”شدید دباؤ“ ڈال رہا ہے، یورپی ممالک روس کے خلاف پابندیوں کے نئے مسودے تیار کر رہے ہیں، لیکن اُن کے اقدامات کا نقصان انہیں خود بھگتنا پڑے گا۔

خیال رہے کہ ٹرمپ نے پیر کے روز پیوٹن کے جنگ بندی پر آمادہ نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے یوکرین کو ہتھیار فراہم کرنے کا اعلان کیا، جس میں پیٹریاٹ میزائل سسٹمز بھی شامل ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی دی تھی کہ اگر 50 دن میں امن معاہدہ نہ ہوا تو روس پر مزید پابندیاں لگائی جاسکتی ہیں۔