روسی تیل و گیس کے خلاف اقدامات، برطانوی و امریکی شخصیات کی جانب سے ٹرمپ کی تعریف

روسی تیل بورس جانسن لنزے گراہم

روسی تیل و گیس کے خلاف اقدامات پر برطانوی و امریکی شخصیات کی جانب سے ٹرمپ کی تعریف ہونے لگی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سابق برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے ایک بیان میں کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے بہادرانہ اور منطقی کام کیا، آخر کار ان ممالک کو سزا دی جو روسی تیل و گیس خرید کر پیوٹن کی شیطانی جنگی مشین کو فنڈ فراہم کرتے ہیں۔

بورس جانسن نے سوال کیا کہ برطانیہ اور باقی یورپ میں ایسا کرنے کی ہمت کب ہوگی؟ ادھر امریکی سینیٹر لنزے گراہم نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سستا روسی تیل خریدنا اب اتنا آسان نہیں رہا جو پہلے تھا، پیوٹن کا تیل خریدتے رہے تو ٹیرف کے بغیر امریکی معیشت تک رسائی نہیں ملے گی۔


50 فی صد ٹیرف کے 8 گھنٹے بعد ٹرمپ نے بھارت کو ایک اور بڑی دھمکی دے دی


لنزے گراہم نے کہا میں بھارت پر اضافی 25 فی صد ٹیرف لگانے کے فیصلے کو سراہتا ہوں، جو روس سے سستا تیل لینے میں ملوث ہیں وہ اب کسی اور کی بجائے خود کو مورد الزام ٹھہرائیں۔

واضح رہے کہ ٹرمپ نے گزشتہ روز بھارت پر اضافی 25 فی صد ٹیرف لاگو کر دیا ہے، ٹرمپ نے ایگزیکٹو آرڈر میں وجہ بتائی کہ انھیں معلوم ہوا تھا کہ حکومت ہند فی الحال براہ راست یا بالواسطہ طور پر روسی فیڈریشن کا تیل درآمد کر رہی ہے۔

سی این بی سی کو ایک انٹرویو میں منگل کو ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ اگلے 24 گھنٹوں کے دوران ہندوستان پر بہت زیادہ ٹیرف بڑھائیں گے، کیوں کہ وہ روسی تیل خرید رہے ہیں، اور جنگی مشین کو ایندھن دے رہے ہیں۔