امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر حملے کے بعد روس نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی مخالفین کیلئے امریکا میں عدم برداشت بڑھ رہی ہے۔
روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے ڈونلڈ ٹرمپ پر قاتلانہ حملے کے بعد اپنے بیان میں کہا کہ واشنگٹن اپنے سیاسی مخالفین کے خلاف نفرت کو فروغ دینے کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔
ماریا زاخارووا نے اپنے ٹیلیگرام چینل پر امریکی سیاست دانوں کے قتل کی کوششوں کی تاریخ کے بارے میں اپنی پوسٹ کا حوالہ بھی دیا، انھوں نے لکھا کہ دو ماہ قبل میں نے اس حقیقت کی طرف توجہ دلائی تھی۔
روسی ترجمان نے بتایا کہ میں نے توجہ دلائی تھی کہ سیاسی مخالفین کے خلاف امریکا میں نفرت کو فروغ دیا جارہا ہے۔
انھوں نے ماضی میں امریکی صدور اور صدارتی امیدواروں کے قتل کی کوششوں اور قتل کی امریکی روایت کی مثالیں بھی دی ہیں۔
خیال رہے کہ پنسلوینیا میں امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا گولی لگنے سے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سابق امریکی صدر ٹرمپ پر پنسلوینیا میں ان کی انتخابی ریلی کے دوران فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگئے تھے۔
اس موقع پر موجود سیکیورٹی اہلکاروں نے فوری طور ہر ڈونلڈ ٹرمپ کو حفاظتی حصار میں لیا اور انھیں اسٹیج سے لے کر تیزی سے روانہ ہوگئے تھے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ انتخابی ریلی کے دوران حملے کے وقت گولی میرے سیدھے کان کے اوپری حصے کو چھوتے ہوئی گزر گئی جس کی وجہ سے کافی خون بہا ہے۔