روس کا یوکرین سے متعلق سخت بیان

روس نے نیٹو کو سخت انتباہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم یوکرین میں اپنی شرائط پر امن قائم کریں گے فوجی آپریشن سے تمام اہداف حاصل کر سکتے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق روسی سلامتی کونسل کے نائب چیئرمین دیمتری میدویدیف نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ نیٹو کا پورا فوجی اتحاد ہمارے خلاف کھل کر لڑ رہا ہے لیکن روس اتنا مضبوط ہے کہ وہ تمام نیٹو کے ساتھ تقریباً براہ راست تصادم کا سامنا کرنے کے باوجود اپنے خصوصی فوجی آپریشن سے تمام اہداف حاصل کرسکتا ہے۔

دیمتری میدویدیف نے مزید کہا کہ ہم خصوصی فوجی آپریشن کے تمام اہداف حاصل کرنے کے لیے کافی مضبوط ہیں، بالکل اسی طرح جیسے اگست 2008 میں ہمارے دشمن مغلوب ہو گئے تھے تاریخ کو دہراتے ہوئے اب کی بار بھی روس یوکرین میں مغرب کو شکست دے کر اپنی شرائط پر امن قائم کر لے گا اور جیت ہماری ہی ہو گی۔

میدویدیف جو 2008-2012 تک روس کے صدر رہ چکے ہیں نے مزید کہا کہ ان کا ملک آج بھی مستحکم پوزیشن میں ہے۔