خواجہ سعد رفیق پرول پر رہا، ساس کی نماز جنازہ میں شرکت کریں گے

لاہور: آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم اسکینڈل میں گرفتار خواجہ سعد رفیق کو ساس کے انتقال پر پرول پر رہا کر دیا گیا ہے، سعد رفیق ساس کی نماز جنازہ میں شرکت کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر نے پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی خواجہ سعد رفیق کی پرول پر رہائی کی درخواست منظور کرتے ہوئے انھیں 48 گھنٹے کے لیے رہا کرنے کا حکم جاری کر دیا۔

خواجہ سعد رفیق نے ساس کی نماز جنازہ میں شرکت کے لیے درخواست دی تھی، نماز جنازہ شام 7 بجے لیہ میں ادا کی جائے گی، خواجہ سعد رفیق جیل سے لیہ جائیں گے۔

خواجہ سعد رفیق کی پرول پر رہائی کے آرڈر کیمپ جیل میں ایم پی اے یاسین سہول نے پہنچائے۔

یہ بھی پڑھیں:  اسلام آباد ہائی کورٹ نے نواز شریف کی ضمانت منظور کر لی

یاد رہے گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ نے العزیزیہ کیس میں سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی بھی طبی بنیادوں پر عبوری ضمانت منظور کی ہے، عدالت کا کہنا تھا کہ انسانی بنیادوں پر منگل تک سزا معطلی اور درخواست ضمانت منظور کی گئی ہے۔

عدالت نے فیصلے سے قبل کہا تھا کہ وفاقی وزیر داخلہ جامع رپورٹ دے، حکومت نے آئینی اختیارات استعمال نہیں کیے، حکومتیں ذمہ داری ادا کر رہی ہیں نہ ذمہ داری لے رہی ہیں، ماضی کے فیصلوں میں سزا یافتہ قیدیوں پر اصول وضع کر چکے ہیں، آج حکومتوں سے پوچھا گیا کہ عدالتی فیصلے پر کس حد تک عمل کیا گیا، تاہم وفاقی اور صوبائی حکومتیں واضح جواب نہیں دے سکیں۔