کراچی: بالی ووڈ میں کامیابیاں سمیٹنے والی پاکستانی اداکارہ صباقمر نے اعلان کیا ہے کہ وہ ’’غیرت کے نام پر قتل‘‘ ہونے کے حوالے سے بننے والی فلم میں کردار ادا کریں گی۔
تفصیلات کے مطابق فلم نگری میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے والی پاکستانی ادکارہ نے حال ہی میں ہالی ووڈ میدان میں قدم رکھا، اُن کی نئی فلم ’’ہندی میڈیم‘‘ کا ٹریلر جاری ہوا تو مداحوں کو اُن کی اداکاری بہت پسند آئی۔
بالی ووڈ فلم کے ٹریلر کی کامیابی کے بعد اداکارہ صبا قمر نے حال ہی میں قندیل بلوچ پر بننے والی فلم میں کام کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’’سوشل میڈیا اسٹار نے معاشرے کے دوہرے معیار کو اجاگر کیا‘‘۔
کئی ہفتوں سے خبریں زیر گردش تھیں کہ صبا قمر غیرت کے نام پر قتل ہونے کے حوالے سے بننے والی فلم میں قندیل بلوچ کا کردار ادا کریں گی اور ان کے انسٹاگرام پر موجود تصاویر بھی کچھ اسی جانب اشارہ کررہی تھیں تاہم اب اداکارہ نے خود ہی اس خبر کی تصدیق کردی۔یہ فلم پیراگان پروڈکشن کے بینر تلے بنائی جائے گی ۔ فلم کا نام ’باغی‘ ہوگا۔
یاد رہے سوشل میڈیا اسٹار قندیل بلوچ کو گزشتہ برس جولائی میں اُن کے بھائی نے غیرت کے نام پر قتل کردیا تھا، جس کے بعد پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے اُسے گرفتار کرلیا جبکہ مقتولہ کے والدین نے مؤقف اختیار کیا کہ اُن کا بیٹا بہن کے شوبز میں کام کرنے کی وجہ سے نالاں تھا۔