کراچی: سچل تھانے میں حبس بے جا میں رکھا گیا پولیس افسر بازیاب

اے ایس آئی

کراچی میں سچل تھانے میں حبس بے جا میں رکھے گئے اے ایس آئی کو عدالتی حکم پر بازیاب کروالیا گیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ملیر کورٹ کے حکم پر تھانہ سچل پر چھاپہ مارا گیا اور حبس بے جا میں رکھے گئے اے ایس آئی عبدالرزاق کو بازیاب کروایا گیا۔

اے ایس آئی عبدالرزاق نے کہا کہ تھانے کی تفتیشی پولیس نے گھر سے گرفتار کیا، مجھ پر کوئی مقدمہ درج نہیں، تین دن سے بند تھا چھوڑنے کے لیے پچاس لاکھ روپے رشوت مانگی جارہی تھی۔

پولیس افسر نے بتایا کہ تھانہ آرام باغ میں تعینات ہوں۔

پولیس افسر کی بازیابی کے بعد عدالت نے سچل تھانے کے ایس ایچ او اور تفتیشی پولیس کو کل طلب کرلیا ہے۔

ادھر پنجاب کے شہر دیپالپور میں پولیس اے ایس آئی نے لیڈی کانسٹیل سے نارا سلوک کی انتہا کردی، خاتون اہلکار سے نازیبا زبان کا استعمال کیا گیا اور ہاتھ اٹھانے کی دھمکی دی گئی۔

اے ایس آئی کے ناروا سلوک کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

بعدازاں ڈی پی او اوکاڑہ محمد راشد ہدایت نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے انچارج خدمت کاؤنٹر ٹی ایچ کیو اے ایس آئی عثمان کو معطل کردیا۔

علاوہ ازیں ڈی پی او اوکاڑہ نے واقعے کی انکوائری رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔