بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری جے شاہ کے آئی سی سی چیئرمین منتخب ہونے پر لیجنڈ کرکٹر سچن ٹنڈولکر نے اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔
بی سی سی آئی کے موجودہ سیکریٹری جے شاہ اس وقت صرف 35 سال کے ہیں اور وہ دنیا بھر میں کرکٹ کی دیکھ بھال کرنے والے ادارے کے سب سے کم عمر چیئرمین بننے میں کامیاب ہوئے ہیں، لٹل ماسٹر کا کہنا تھا کہ جے شاہ ہمیشہ سے کرکٹ کے لیے اچھا کرنا چاہتے ہیں۔
سچن ٹنڈولکر نے ایکس پر اپنے پیغام میں لکھا کہ ’ایک پرجوش شخص اور کرکٹ کے لیے ہمیشہ اچھا چاہنے والے ایڈمنسٹریٹر کی حیثیت سے بطور بی سی سی آئی سیکریٹری جے شاہ نے خود کا منوایا ہے‘۔
بھارت کے سابق کرکٹر نے مزید لکھا کہ ’انھوں نے بی سی سی آئی میں مرد اور خواتین دونوں کی کرکٹ کو ترجیح دی جسے دوسرے بورڈز کو بھی فالو کرنا چاہیے، میں انھیں سب سے کم عمر آئی سی سی چیئرمین منتخب ہونے اور آئندہ کے سفر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں‘۔
سچن ٹنڈولکر کے علاوہ سابق صدر بی سی سی آئی ساروو گنگولی، کپتان روہت شرما اور اسٹار بیٹر ویرات کوہلی نے بھی جے شاہ کو آئی سی سی کا اعلیٰ عہدیدار بننے پر مبارکباد دی ہے۔
خیال رہے کہ بورڈ آف کنٹرول کرکٹ ان نڈیا (بی سی سی آئی) کے سیکریٹری جے شاہ کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا بلامقابلہ چیئرمین منتخب کرلیا گیا ہے۔
جے شاہ نومبر 2020 میں منتخب ہونے والے گریک بارکلے کی جگہ آئی سی سی کے چیئرمین کے طور پر ذمہ داریاں انجام دیں گے اور وہ یکم دسمبر 2024 کو عہدہ سنبھالیں گے۔
35 سالہ جے شاہ 2019 سے بی سی سی آئی کے اعزازی سیکرٹری اور 2021 سے ایشین کرکٹ کونسل کے چیئر میں کے طور پر خدمات انجام دے رہےہیں۔