پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر اور صوبائی وزیر سعید غنی نے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ’پیپلز پارٹی فوبیا‘ کا لاعلاج مرض لاحق ہوگیا۔
صوبائی وزیر سعید غنی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پیپلز پارٹی کی مقبولیت میں اضافے نے حافظ نعیم الرحمان کو ذہنی مریض بنا دیا، ان کے میئر نہ بننے کا زخم بہت گہرا ہے۔
سعید غنی نے کہا کہ آصف علی زرداری نے ملک کو عمرانی فتنے سے آزاد کروایا، جماعت اسلامی پی ٹی آئی کی بی ٹیم ہے اور حافظ نعیم الرحمان اس کے پے رول پر ہیں۔
متعلقہ: لگتا ہے حافظ نعیم نے طوطا فال نکالنے کا کام شروع کر دیا ہے، ناصر حسین شاہ
انہوں نے کہا کہ حافظ نعیم الرحمان کو میئر بننا تھا تو انہیں سندھیوں سے نفرت نہیں کرنا تھی، اب سندھیوں کی محبت میں مرے جا رہے ہیں لیکن آپ کا یہ ڈرامہ نہیں چلے گا۔
اس سے قبل سعید غنی نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ حافظ نعیم الرحمان میئر بننے کی لاعلاج بیماری میں مبتلا ہیں، الخدمت خیرات کے اربوں روپے الیکشن مہم پر خرچ کرنے کا جماعت اسلامی جواب دے، سراج الحق کراچی کے بلدیاتی نتائج پر اپنی معلومات درست کر لیں۔
سعید غنی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اس وقت کراچی کی سب سے بڑی جماعت ہے، پیپلز پارٹی کے کراچی سے 5 قومی اور 7 صوبائی اسمبلی کے ارکان ہیں جبکہ جماعت اسلامی کا صرف آدھا رکن صوبائی اسمبلی ہے۔