بھارتی کھلاڑیوں نے فٹبال گراؤنڈ کو پھر اکھاڑہ بنا ڈالا

ساف چیمپئن شپ میں بھارتی کھلاڑیوں نے فٹبال کے میدان کو پھر ریسلنگ کا اکھاڑہ بنا ڈالا اور پاکستان کے بعد نیپال کے کھلاڑیوں سے بھی جھگڑ پڑے۔

ساف چیمپئن شپ بھارتی شہر بنگلور میں جاری ہے لیکن وہ اپنے کھیل سے زیادہ بھارتی کھلاڑیوں کے جارحانہ لڑاکا انداز کی وجہ سے دنیا میں شہرت حاصل کر رہی ہے۔

چند دن قبل پاک بھارت میچ میں بھارتی کھلاڑی اور کوچ پاکستانی کھلاڑیوں سے الجھ پڑے اب ایک بار پھر انہوں نے فٹبال کے میدان کو ریسلنگ کے اکھاڑے میں بدل دیا۔

تاہم اس بار بھارتیوں کا مدمقابل نیپال تھا۔ میچ جاری تھا کہ بھارتی کھلاڑی آپے سے باہر ہوگئے۔ اس موقع پر دونوں ٹیموں کے کھلاڑی آپس میں الجھ پڑے، ایک دوسرے کو دھکے دیے اور مارنے کے لیے چڑھ دوڑے۔

 

اس موقع پر ریفری کو مداخلت کرنا پڑی اور دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو خاموش کروایا گیا بعدازاں کچھ دیر بعد صورتحال پر قابو پا کر میچ دوبارہ شروع کردیا گیا۔

بھارت نے میچ میں نیپال کو دو صفر سے شکست دیکر ساف فٹبال چیمپئین شپ کے سیمی فائنل میں جگہ پکی کرلی ہے۔