بھارت میں یوٹیوبر ساگر ڈوڈوما ریلز بناتے ہوئے آبشار میں بہہ گیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق اوڈیسہ کے ضلع کوراپٹ میں 22 سالہ یوٹیوبر ساگر ڈوڈوما ریلز بناتے ہوئے آبپشار میں تیز بہاؤ کے باعث بہہ گیا۔
افسوسناک حادثہ ڈرون کیمرے کے ذریعے ریلز بناتے ہوئے رونما ہوا۔
ساگر اپنے دوستوں کے ساتھ کٹک سے کوراپٹ یوٹیوب چینل کے لیے سیاحتی مقامات کی ریلیز بنانے کے لیے پہنچا تھا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ساگر پانی کے بیچ کھڑا ہے اور لوگ رسیوں کے ذریعے اسے نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم شدید بہاؤ کے باعث وہ بیلنس برقرار نہ رکھ سکا اور پانی کی بے رحم موجیں اس کو بہا لے گئیں۔
حکام کے مطابق ماچاکونڈا ڈیم سے شدید بارشوں کے بعد تقریباً 2000 کیوسک پانی چھوڑا گیا تھا، جس کے باعث اچانک پانی کی سطح بلند ہوگئی، مقامی افراد اور سیاحوں کی کوششوں کے باوجود ساگر بچ نہ سکا۔
اطلاع ملتے ہی ماچاکونڈا پولیس اور فائر سروسز کے اہلکار موقع پر پہنچے اور ریسکیو آپریشن شروع کیا تاحال اس کا سراغ نہیں مل سکا ہے۔