ریمبو اور عدنان حیدر نے مزیدار کھانے بنا کر حیران کردیا

میاں بیوی اپنی ازدواجی زندگی پُرسکون اور خوش گوار بنانے کیلئے چھوٹی چھوٹی باتوں پر دھیان دیں تو کوئی وجہ نہیں کہ لوگ انہیں مثالی جوڑا قرار نہ دیں۔

گھر میں اپنی اہلیہ کے ہاتھ بٹانے کیلئے شوہر اگر برتن دھولے، صفائی ستھرائی کرلے یا کچن میں ساتھ کھڑا ہوجائے تو اس میں کوئی مُضائقہ نہیں۔

اس حوالے سے اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام گڈ مارننگ پاکستان میں پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار محمد افضل (ریمبو) ان کی اہلیہ صاحبہ کے ساتھ سعدیہ امام اور ان کے شوہر عدنان حیدر نے شرکت کی۔

اس موقع پر صاحبہ نے بتایا کہ افضل نہ صرف گھر کے کاموں میں میرا ہاتھ بٹاتے ہیں بلکہ یہ ایک بہترین کُک بھی ہیں، ان کے ہاتھ کے بنے ہوئے پائے مجھے بہت پسند ہیں۔

جبکہ اداکارہ سعدیہ امام کا کہنا تھا کہ ان کے شوہر عدنان حیدر بھی کھانے بنانے میں کافی مہارت رکھتے ہیں اور وہ تربیت یافتہ شیف بھی ہیںانہوں نے بتایا کہ عدنان تیل یا گھی میں بنے کھانے پسند نہیں کرتے۔

پروگرام میں محمد افضل اور عدنان حیدر نے مخصوص ڈشز بنا کر ناظرین کو دکھائیں، عدنان حیدر نے اطالوی پکوان بنایا جبکہ محمد افضل نے مچھلی کا قورمہ بناکر دکھایا۔