لوگ اپنی زندگی کو ’پرفیکٹ‘ دکھا کر عوام کو دھوکا دیتے ہیں، صحیفہ جبار

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ صحیفہ جبار نے کہا ہے کہ بہت سے لوگ اپنی زندگی کو ’پرفیکٹ‘ دکھا کر عوام کو دھوکا دیتے ہیں۔

اداکارہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم لوگوں کو اپنی جھوٹی ’پرفیکٹ‘ زندگی کیوں دکھاتے ہیں اور انھیں ایسے معیارات اور مقاصد سے روشناس کراتے ہیں جن تک پہنچنا ناممکن ہوتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ میری تمام سیلیبریٹیز اور انفلوئنسر جوڑوں سے درخواست ہے کہ وہ کیمرے کے سامنے بیٹھیں اور ہمارے نوجوانوں کو وہ چیز بتائی جو کہ ہمیں ہمارے والدین نے نہیں بتائی۔

صحیفہ نے انھیں مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جب آپ نوجوانوں کو اپنی شادی، برائیڈل شوور، بے بی شوور، ہنی مون اور تعطیلات کے بارے میں بتاتے ہیں تو اپنے مداحوں کو یہ بھی بتائیں کہ یہ سب چیزیں حاصل کرنا کتنا مشکل ہے۔

آپ بحیثیت جوڑا یا انفرادی طور پر کتنی محنت کے بعد اس جگہ پر پہنچے ہیں اور یہ سب حاصل کیا ہے۔

اس سے قبل اداکارہ صحیفہ جبار خٹک نے انسٹاگرام اسٹوریز میں ذہنی مسائل سے دوچار ہونے کا اعتراف کیا تھا۔

اپنی نجی زندگی کے حوالے سے انکشافات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ انتہائی مشکل زندگی گزار رہی ہیں، نہ ٹھیک سے سو پاتی ہیں اور نہ ہی پرسکون ہیں۔‘

اداکارہ نے کہا کہ زندگی کے اس مشکل دور میں میرا 12 کلو وزن کم ہوگیا ہے، میری فیملی میری ہر ممکن مدد کی کوشش کررہی ہے لیکن یہ میری اکیلی کی جنگ ہے’۔

صحیفہ کا کہنا تھا کہ میں اگر سچ کہوں تو اچھی اور مہنگی گاڑی، گھر اور بہت سا پیسہ ہونا آپ کی زندگی میں سکون اور خوشیاں نہیں لاسکتا۔

یہ آپ کے لیے آسائشوں کی وجہ تو بن سکتا ہے لیکن آپ کے اندر کو مکمل مطمئن نہیں کرسکتا، ہماری روح کو خیال، محبت کی ضرورت ہوتی ہے’۔

واضح رہے کہ اداکارہ صحیفہ جبار متعدد بار اپنی دماغی حالت سے متعلق پوسٹ کرچکی ہیں جس پر کئی صارفین نے تشویش کا اظہار کیا تھا۔