لاہور : سانحہ ساہیوال کی تحقیقات کے سلسلے میں فرانزک کیلئے بھیجی جانے والی اشیاء فرانزک لیبارٹری نے واپس کردیں، لیبارٹری کا کہنا ہے کہ دستی بم، خود کش جیکٹس کو ناکارہ کرکے بھیجا جائے۔
تفصیلات کے مطابقسانحہ ساہیوال کی تحقیقات تاحال جاری ہیں، پنجاب پولیس نے غفلت کی ایک اور مثال قائم کردی، اس سسلے میں واقعے میں استعمال ہونے والا اسلحہ، چار دستی بم اور خود کش جیکٹس اور دیگر اشیاء کے فرانزک جائزے کے لئے پنجاب فرانزک لیبارٹری کو بھیجوائی گئی تھیں۔
اس حوالے سے فرانزک ذرائع کا کہنا ہے کہ فرانزک ایجنسی نے دستی بم اور خودکش جیکٹ واپس بھیج دی ہے، فرانزک لیبارٹری نے ہدایت کی ہے کہ ان دستی بموں اور خود کش جیکٹس کو ناکارہ بنا کر دوبارہ بھیجیں۔
اس کے علاوہ واقعے میں جو رائفلز استعمال ہوئیں یا جن سے گولیاں چلائی گئیں وہ اب تک نہ پہنچائی جاسکیں، جو چیزیں مانگی جا رہی ہیں وہ بھی تاحال نہیں دی گئیں۔
فرانزک ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ڈی جی فرانزک نے رائفلز بھجوانے کیلئے محکمہ داخلہ پنجاب سے رابطہ کیا تھا جس کے بعد دو دن میں مذکورہ رائفلز اور پستول بھجوانے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔