صائم ایوب نے گیانا واریئرز کو پہلی بار سی پی ایل چیمپئن بنوا دیا

کیریبئن پریمیئر لیگ کے فائنل میں صائم ایوب کی شاندار کارکردگی کی بدولت گیانا واریئرز نے نائٹ رائیڈرز کو شکست دے کر پہلی بار چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

کیربیئن پریمیئر لیگ میں پاکستانی کرکٹ کے ستارے اپنی نا قابل فراموش کارکردگی کی بدولت جگمگاتے رہے۔ ان ہی میں صائم ایوب نے بلے کے ذریعے رنز کی برسات کرکے پہلے اپنی ٹیم گیانا واریئرز کو چھٹی بار فائنل تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا پھر فائنل میں ناقابل شکست نصف سنچری بنا کر ٹیم کو پہلی بار چیمپئن بنا دیا۔

سی پی ایل کا فائنل پانچ بار کی رنر اپ گیانا واریئرز اور چار بار کی چیمپئن نائٹ رائیڈر کے درمیان کھیلا گیا۔

فائنل میچ میں نائٹ رائیڈر کی بیٹنگ ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم مکمل 20 اوورز بھی نہ کھیل سکی۔ 18.1 اوورز میں صرف 94 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

گیانا واریئرز نے صائم ایوب کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت 95 رنز کا ہدف 14.1 اوور میں حاصل کر لیا۔ بیٹر نے 41 گیندوں پر 52 رنز کی نا قابل شکست اننگ کھیلی۔ انہوں نے چھکا لگا کر ہدف کو حاصل کیا۔ ان کی اننگ میں دو چوکے اور پانچ چھکے شامل تھے۔

گیانا واریئرز جیسے ہی چیمپئن بنی کھلاڑی میدان میں آگئے اور صائم ایوب کو اپنے کاندھوں پر اٹھا لیا۔

 

بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے نوجوان بیٹر صائم ایوب نے صرف فائنل ہی نہیں بلکہ پورے ٹورنامنٹ میں اعلیٰ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور لیگ کے 13 میچوں میں 43.45 کی شاندار اوسط سے مجموعی طور پر 478 رنز بنائے، جس میں 4 نصف سنچریاں شامل تھیں۔ ان کا اسٹرائیک ریٹ 142.26 رہا۔ وہ ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ چوکے (39) اور سب سے زیادہ چھکے (28) لگانے والے واحد بلے باز بھی ہیں۔

صائم ایوب ٹورنامنٹ کے دوسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بھی بن گئے ان سے آگے پہلے نمبر پر ویسٹ انڈین کھلاڑی شائی ہوپ ہیں جنہوں نے پاکستانی بیٹر سے صرف تین رنز زیادہ 481 رنز بنائے ہیں۔