اسلام آباد : بجلی پیدا کرنے والے پاور پلانٹس، ریفائنریز اور جہازوں میں بطور ایندھن استعمال کیا جانے والا فرنس آئل ملکی معیشت کیلئے اہمیت کا حامل ہے، جس کی فروخت میں نمایاں کمی سامنے آئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملک میں فرنس آئل کی فروخت میں جاری مالی سال کے پہلے چار ماہ میں سالانہ بنیادوں پر66 فیصد کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
او سی اے سی کے اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں ملک میں 0.40 ملین ٹن فرنس آئل کی فروخت ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 66 فیصد کم ہے۔
گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ملک میں 1.19 ملین ٹن فرنس آئل کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی، اکتوبر میں ملک میں 0.05 ملین ٹن فرنس آئل کی فروخت ہوئی جو گزشتہ سال اکتوبر کے مقابلہ میں 74 فیصد کم ہے۔
گزشتہ سال اکتوبرمیں ملک میں 0.20 ملین ٹن فرنس آئل کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی، اعداد و شمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں پی ایس او کے 0.09 ملین ٹن فرنس آئل کی فروخت ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 88 فیصد کم ہے۔
گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں پی ایس اوکے 0.76 ملین ٹن فرنس آئل کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔ اسی طرح جاری مالی سال کے پہلے چار ماہ میں اٹک پیٹرولیم کے 0.11 ملین ٹن اور شیل کے 0.13 ملین ٹن فرنس آئل کی فروخت ریکارڈ کی گئی ہے۔