کراچی : سیلز ٹیکس کی جعلی انوائسز بنانے والے دھوکہ باز عناصر کے خلاف ایف بی آر نے کریک ڈاؤن کا آغاز کردیا۔
رواں ہفتے ان لینڈ ریونیو انٹیلی جنس کے عملے نے سیلز چوری کے خلاف دوسری کامیاب کارروائی کرتے ہوئے جعلی انوائس مافیا کے خلاف کراچی میں بیٹری مینو فیکچررز کی فیکٹری پر چھاپہ مارا۔
ان لینڈ ریونیو انٹیلی جنس ڈائریکٹوریٹ ٹیم نے کمپنی کے کمپیوٹرز سے متعدد اہم شواہد حاصل کرلیے
جعلی سیلز ٹیکس انوائس کی ادائیگی، لین دین سے منسلک بینکنگ شواہد پر مشتمل فائلیں برآمد کرلی گئیں۔
مذکورہ ریکارڈ بیٹری فیکٹری کے دفتر میں چھاپے کے دوران ضبط کرلیا گیا، بیٹری مینوفیکچرر کا جعلی انوائسز مافیا سے گٹھ جوڑ سامنے آگیا، بیٹری کے کاروبار کے ریکارڈ میں جعلی انوائسز کی موجودگی پر گرفتاری متوقع ہے۔