راولپنڈی: بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان اکرم راجہ کا کہنا ہے کہ بانی نے نو مئی کے حوالے سے کوئی اعتراف نہیں کیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وکیل سلمان اکرم راجہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب زمان پارک میں ان کے گھر پر حملہ ہوا تو پارٹی نے فیصلہ کیا دوبارہ ایسی حرکت ہوئی تو احتجاج ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی نے فیصلہ کیا تھا کہ پرامن احتجاج وہاں ہوگا جہاں ہونا چاہیے، وہ جی ایچ کیو ہو یا کوئی دفتر، نو مئی معاملے کی شفاف انکوائری کی جائے، ذمہ دار تیس لوگ ہیں، چالیس یا پچاس ان کو سزا دیجئے۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے ایک بات وضاحت سے کہی ہے، تحریک انصاف اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹے گی، یہ جماعت اب کہیں جانے والی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فلاح کے لیے ہر قسم کی بات کرنے کو تیار ہیں، چاہتے ہیں پاکستان میں انتشار نہ ہو۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بانی پی ٹی آئی نے اڈیالہ جیل میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ 14 مارچ کو میرے گھر پر حملہ ہوا، 18 مارچ کو جوڈیشل کمپلیکس میں پولیس نے مجھ پر دھاوا بولا۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال 14 مارچ کو وکلا نے یقین دہانی کروائی تھی کہ ہم تفتیش میں تعاون کریں گے، وکلا کی یقین دہانی کے باوجود رینجرز اور پولیس گھر میں داخل ہوئی اور توڑ پھوڑ کی۔
بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ 18 مارچ کو جوڈیشل کمپلیکس پیشی پر پولیس دوبارہ مجھ پر حملہ آور ہوئی، مجھے پتہ لگ گیا تھا کہ یہ مجھے گرفتار کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ جی ایچ کیو کے باہر ممکنہ گرفتاری کے خلاف پر امن احتجاج کی کال دی تھی۔