لاہور: ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں دوسرے ون ڈے میں بھارتی ٹیم کی شکست پر سلمان بٹ نے بھارتی ٹیم کو مشورہ دے دیا۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں بھارتی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 181 رنز پر ڈھیر ہوگئی، میزبان ویسٹ انڈیز نے مطلوبہ ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
ویسٹ انڈیز کے شائے ہوپ کو 63 رنز کی اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
قومی ٹیم کے سابق کپتان سلمان بٹ نے بھارتی ٹیم کو مشورہ دیا کہ اگر نئے کھلاڑی کارکردگی نہیں دکھا رہے تو کپتان روہت شرما کو ون ڈاؤن پوزیشن پر کھیلنا چاہیے اور ویرات کوہلی کو نمبر چار پر بیٹنگ کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی اسکواڈ میں تقریباً چار اوپنرز شامل ہیں جب ان کے بیٹنگ آرڈر میں تبدیلی کی جائے گی تو نتیجہ ایک جیسا نہیں ہوگا۔
سلمان بٹ کا کہنا ہے کہ روہت اور کوہلی کی غیرموجودگی کی وجہ سے بھارت شاید میچ ہارا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے جب دھونی اور دیگر اہم کھلاڑی آرام کرتے تھے تو سریش رائنا، گوتم گھمبیر یا یووراج سنگھ بیٹنگ کو سہارا دیتے تھے لیکن موجودہ کھلاڑی ون ڈے کرکٹ میں خود کو ثابت کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکے۔
سلمان بٹ نے کہا کہ ورلڈ کپ سے قبل بھارت کو ان مسائل پر قابو پانا ہوگا۔