’اس سے بہتر ہے، تو اسے لے آؤ‘ سلمان بٹ نے کھل کر بابر اعظم کی حمایت کر دی

پاکستان کے موجودہ دور کے مایہ ناز بلے باز بابر اعظم جو ان دنوں اپنے کیریئر کے بدترین وقت سے گزر رہے ہیں سلمان بٹ ان کی حمایت میں کھل کر سامنے آ گئے ہیں۔

سلمان بٹ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر بابر اعظم کی حمایت میں پوسٹ کی ہے جس میں کہا ہے کہ ہر کوئی مجھ سے یہ پوچھ رہا ہے کہ میں بابر اعظم کی حمایت کیوں کرتا ہوں؟ تو کیا اس نے میری حمایت کی وجہ سے ماضی میں رنز کا ڈھیر لگایا۔

سابق کپتان نے مزید کہا کہ کیا اس میں کوئی شک ہے کہ بابر اعظم پچھلے چار سالوں میں پاکستان کا سب سے بہترین کھلاڑی رہا ہے؟ زیادہ ٹیسٹ کرکٹ نہیں کھیلتے، وائٹ بال کرکٹ میں وہ دونوں فارمیٹس میں ٹاپ تھری میں رہے ہیں۔

انہوں نے مزید لکھا کہ ’اس نے سب سے زیادہ رنز بنائے ہیں اور ٹیم میں اس کے قریب کوئی اور نہیں ہے۔ اگر آپ اس کی حمایت نہیں کرتے جو اسٹینڈ آؤٹ پرفارمر رہا ہے اور اسے ہٹانا چاہتے ہیں تو آپ کے پاس کیا ہے؟ اگر آپ کے پاس اس سے کوئی بہتر ہے تو اسے لے آئیں اور کھلائیں۔‘‘

سلمان بٹ نے یہ بھی کہا کہ "ہاں، میں مانتا ہوں کہ بابر ٹیسٹ کرکٹ میں توقعات پر پورا نہیں اترے۔ لیکن کیا یہ اصل تشویش ہے؟ بابر اچھا نہیں کر رہا، اس کی جگہ لے لیں، لیکن دوسرے کیا کر رہے ہیں؟”

انہوں نے ماضی میں بابر اعظم کی کپتانی پر تنقید کے حوالے سے کہا کہ "کیا میں بابر کی کپتانی کے بارے میں بات کرنے والا اکیلا نہیں تھا؟ جب وہ بہت زیادہ رنز بنا رہے تھے تو لوگوں نے انہیں بادشاہ (کنگ) کہنا کہنا شروع کر دیا۔ اس وقت میں ان چند لوگوں میں سے ایک تھا جنہوں نے کہا کہ وہ اب بھی دنیا کے ٹاپ کھلاڑیوں سے پیچھے ہیں۔”

واضح رہے کہ بابر اعظم بنگلہ دیش کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں مکمل ناکام رہے اور چار اننگز میں صرف 63 رنز ہی اسکور کر سکے ہیں۔ گزشتہ 10 میچز میں انہوں نے صرف ایک ہی نصف سنچری بنائی ہے۔