والد کے قتل کے بعد سلمان ٹھیک سے سو نہیں پاتے، بابا صدیقی کے بیٹے کا انکشاف

بابا صدیقی کے بیٹے نے ذیشان صدیقی نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے والد کے قتل کے بعد سے اب تک سپراسٹار سلمان خان ٹھیک سے سو نہیں پائے۔

گینگسٹر لارنس بشنوئی کی جانب سے این سی پی لیڈ بابا صدیقی کے قتل کی ذمہ داری لینے کے بعد سلمان خان کی سیکیورٹی کو مزید سخت کردیا گیا ہے، تاہم اس کے باوجود سلمان خان اب تک نارمل زندگی میں واپس آنے میں جدوجہد کا شکار نظر آرہے ہیں۔

بی بی سی کو دیے گئے اپنے تازہ انٹرویو میں ذیشان صدیقی نے بتایا کہ سلمان خان نے تعاون کیا ہے لیکن وہ بابا صدیقی کے قتل کے بعد سے ٹھیک طرح سو نہیں پائے اور وہ اس واقعے کے بعد سے ہر رات مجھے کال کرتے ہیں۔

ذیشان کا کہنا تھا کہ میرے والد کے جو دوست رہے ہیں میں شروع سے انھیں سیلیبریٹی نہیں مانتا ہوں، وہ ہمارے لیے گھر کے فرد جیسے ہوتے ہیں۔

ہمارے لیے جیسے ہمارے گھر کے افراد کی اہمیت ہے ویسے بھائی کی اہمیت ہے، والد کی موت کے بعد سلمان بھائی بہت افسردہ ہوئے اس چیز کو لے کر، میرے والد اور سلمان ہمیشہ سگے بھائی جتنے قریب تھے۔

ذیشان کا مزید کہنا تھا کہ بھائی نے بہت سپورٹ دیا ہے، ہمیشہ چیک کرتے ہیں مجھے، ان کو رات کو نیند نہیں آتی ہے یہ سب بات کرتے ہیں۔