دبنگ تھری کی اداکارہ کا سلمان خان پر سنگین الزام

سلمان خان

دبنگ تھری کی اداکارہ ہیما شرما نے سلمان خان پر سنگین الزام عائد کردیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 2019 میں پیش آئے واقعے کو بیان کرتے ہوئے اداکارہ ہیما شرما جذباتی ہوگئیں اور کہا کہ وہ سلمان خان کے ساتھ دوبارہ کبھی ملنا نہیں چاہیں گی۔

اداکارہ ہیما شرما نے کہا کہ انہیں سیٹ پر ذلیل کیا گیا اور کتے کی طرح باہر پھینک دیا گیا۔

ہیما شرما نے ویڈیو بیان میں کہا کہ ’ارے آپ سپر اسٹار ہیں سلمان خان تبھی تو اپ کے ساتھ لوگ تصویر لینا چاہتے ہیں اور یہ کہنا کہ لڑکی کی عزت کرو، یہ کرو، وہ کرو، آپ جیسا رویہ کرتے ہیں اسی سے پتا لگ جاتا ہے کہ آپ لڑکی کی کیا عزت کررہے ہو۔‘

انہوں نے کہا کہ ’آج مجھے تین سال ہوگئے ہیں، 2019 میں میری بے عزتی کی گئی تھی اور اس دن سے آج تک میں نے کبھی نہیں سوچا کہ مجھے سلمان خان سے ملنا ہے۔‘

اداکارہ نے کہا کہ جب میں صرف سلمان خان کے ساتھ تصویر بنوانا چاہتی تھی تو میری تذلیل کی گئی۔

ہیما شرما نے کہا کہ ’میں واقعی دبنگ تھری میں کام کرنا چاہتی تھی اور فلم میں کام کرنے کے لیے اپنی صلاحیت کے مطابق ہر ممکن کوشش کی کیونکہ میں سلمان خان سے ملنا چاہتی تھی میرا سین ان کے ساتھ تھا اور موقع کے لیے بہت خوش تھی۔‘

اداکارہ نے کہا کہ سلمان خان سے ملنے کے لیے پچاس لوگوں سے بات کی پھر پنڈت جناردھن سے رابطہ کیا انہوں نے مجھے یقین دلایا کہ ایسا ہوجائے گا جب ہم سلمان خان سے ملنے گئے تو میرے ساتھ برا سلوک اور تذلیل کی گئی، مجھے کتے کی طرح باہر پھینک دیا گیا۔

ہیما شرما نے کہا کہ اس واقعے کے بعد میں دس دن تک سو نہیں سکی تھی۔