ابو الحسن سے دوستی کیسے ہوئی؟ ثمر جعفری نے بتا دیا

شوبز انڈسٹری کے نوجوان اداکار ثمر جعفری نے ابو الحسن سے دوستی سے متعلق بتا دیا۔

اداکار ثمر جعفری نے ’مائی ری‘ میں شاندار کردار نبھانے کے بعد انڈسٹری میں اپنا نام بنایا اور وہ موسیقی سے بھی لگاؤ رکھتے ہیں۔

ڈرامہ سیریل ’پرورش‘ میں ثمر ’ولی‘ کا کردار ادا کررہے ہیں جو بہت سے پاکستانی نوجوانوں کی جدوجہد کی عکاسی کرتا ہے۔

حالیہ پوڈ کاسٹ میں ثمر جعفری نے ابو الحسن ’سمیر‘ سے اپنی پہلی ملاقات کے بارے میں گفتگو کی۔

پرورش میں سمیر اور ولی کی دوستی کا چرچا ہے لیکن ان کی پہلی ملاقات اس طرح نہیں تھی، ثمر جعفری نے انکشاف کیا کہ ابو الحسن سے ان کی پہلی ملاقات ایک باہمی دوست کے ذریعے ہوئی تھی جو زیادہ خوشگوار ثابت نہیں ہوئی۔

انہوں نے بتایا کہ دوسری ملاقات فہد مصطفیٰ کے دفتر میں ہوئی اور ابو الحسن بالکل مختلف دکھائی دیا اس کے بعد سے ان کی دوستی اسکرین پر بھی دکھائی دیتی ہے۔

ثمر جعفری کے دونوں ڈرامے ’مائی ری‘ اور ’پرورش‘ فہد مصطفیٰ نے پروڈیوس کیے ہیں۔

اداکار نے کہا کہ مجھے زیادہ خوشی تب ہوئی تھی جب مجھے کہا گیا کہ پہلی فلم میں فہد مصطفیٰ کے ساتھ کیمیو ہے، پہلی فلم نامعلوم افراد دیکھی تھی جو بڑی ہٹ تھی، میری پسندیدہ فلم لوڈ ویڈنگ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جتنی فلمیں بنیں گی وہ ہماری انڈسٹری کے لیے اچھا ہے۔