بے حسی کی انتہا: سمیع خان شادیوں میں پیسہ لٹانے والوں پر سخت برہم

معروف اداکار سمیع خان نے شادیوں میں لاکھوں روپے لٹانے والے افراد کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں بے حس قرار دے دیا۔

ملک بھر میں جہاں ایک طرف اشیائے ضروریہ کی بڑھتی قیمتیں غریب آدمی کے لیے خوراک کی خریداری بھی مشکل بنا رہی ہیں وہیں پنجاب میں شادیوں کی تقریب میں لاکھوں روپوں کی بارش پر ہر شخص حیران و پریشان ہے۔

سوشل میڈیا پر حال ہی میں منڈی بہاؤ الدین میں ہونے والی شادی کی تقریب میں پیسے لٹانے کی ویڈیو وائرل ہوئی جس میں آسمان پر پیسوں کو اڑتے جبکہ نیچے کھڑے لوگوں کو لوٹتے دیکھا جاسکتا ہے۔

معروف اداکار سمیع خان نے اس ویڈیو کو انسٹاگرام اسٹوری پر شیئر کرتے ہوئے شدید برہمی کا اظہار کیا اور سوال اٹھایا کہ کیا یہ وہی ملک ہے جہاں غریب آدمی اپنے بچوں کے لیے آٹے کی لائن میں مرجاتا ہے؟

اداکار نے اس عمل کو بے حسی کی انتہا قرار دیتے ہوئے استغفار پڑھا۔

اس سے قبل بھی سیالکوٹ میں ایک گاؤں میں شادی کی وائرل ویڈیوز اور تصاویر نے سوشل میڈیا صارفین کو دنگ کیے رکھا تھا۔

مذکورہ شادی میں منہاج ہاؤس کے مکینوں کی جانب سے 30 سے 35 لاکھ روپے ساتھ ہی 12 سے 15 اسمارٹ فون بھی لٹائے گئے۔