ٹک ٹاکر ثنا یوسف کی دوست سامعہ حجاب کو شادی سے انکار پر مبینہ طور پر اغوا کرنے کی کوشش ناکام ہوگئی۔
ٹک ٹاکر سامعہ حجاب نے اسلام آباد پولیس سے تحفظ طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور کے رہائشی کی جانب سے شادی کی تجویز مسترد کرنے پر ہراساں اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔
ایکس پر جاری کردہ ویڈیو پیغام میں انہوں نے حسن زاہد نامی شہری پر الزام لگایا کہ وہ گزشتہ تین ماہ سے اس کا پیچھا کررہا ہے اور حال ہی میں اسلام آباد میں رہائشگاہ پر پہنچا، دروازے کی گھنٹی بجائی اور فرار ہونے سے پہلے موبائل فون چھین لیا۔
ٹک ٹاکر کے مطابق اس نے اپنے ساتھ چلنے کو کہا اور جب انکار کیا تو اغوا کرنے کی کوشش کرتے ہوئے کار میں دھکیل دیا۔
سامعہ حجاب کا کہنا ہے کہ بیمار والدہ گھر پر تھیں جبکہ بھائی گھر سے باہر تھا، اگر مجھے کوئی نقصان پہنچا یا مارا گیا تو اس کا ذمہ دار حسن زاہد ہی ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ’وہ دوسری ثناء یوسف نہیں بننا چاہتیں۔‘ واضح رہے کہ نوجوان ٹک ٹاکر ثنا یوسف کو اسلام آباد کے علاقے جی 13 میں شادی سے انکار پر گولی مار کر قتل کردیا گیا تھا۔
اسلام آباد پولیس نے ان کی شکایت کا جواب دیا اور رہائش گاہ پر پہنچ کر انہیں تحفظ کی یقین دہانی کرائی جبکہ ٹک ٹاکر نے آئی جی سے مزید سیکورٹی کی اپیل کی ہے۔
واضح رہے کہ سامعہ حجاب کو حالیہ مہینوں میں مبینہ نازیبا ویڈیوز آن لائن گردش کرنے کے بعد سے تنازعات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ انہوں نے کہا تھا کہ یہ کلپس جعلی ہیں اور اسے سابق بوائے فرینڈ نے لیک کیا ہے۔