50 لاکھ مکانوں کی تعمیر کا ہدف مشکل کام نہیں، صمصام بخاری

لاہور: صوبائی وزیر اطلاعات صمصام بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے عزم کے سامنے 50 لاکھ مکانوں کی تعمیر کا ہدف کوئی مشکل کام نہیں، عمران خان قوم سے کیا ہوا وعدہ پورا کریں گے اور تمام غریب پاکستانیوں کو چھت ملے گی۔

پنجاب کے وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ غریبوں کے لیے مکان بنانا لندن جانےوالوں کی بھی ذمہ داری تھی مگر وہ غریبوں کو آشیاں دینے کے بجائے ملک سے فرار ہوگئے، اب عمران خان قوم سے کیا ہوا وعدہ پورا کریں گے اور پورے پاکستان کے غریبوں کو سر چھپانے کے لیے چھت ملے گی۔

اُن کا کہنا تھاکہ وزیراعظم کےعزم کےسامنے50لاکھ مکانوں کاہدف مشکل نہیں ہے، سابق حکومتوں کی لوٹ مار سے ملک کے غریبوں کی حالت تبدیل نہ ہوسکی، انہوں نے صرف وہی کام کیے جس میں کمیشن اور مالی مفاد تھا۔  صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ 50لاکھ گھروں کی تعمیرسے معاشی صورتحال بھی بہترہوگی۔

مزید پڑھیں: دنیا ان کو یاد رکھتی ہے جو انسانوں کے لیے کچھ کر جاتے ہیں، وزیراعظم

مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے صمصام بخاری کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کی ہونے والی تنظیم نو میں قیادت کا بحران واضح نظر آرہا ہے، جب پارٹی قیادت لندن فرار ہوجائے تو رانا ثناء اللہ جیسے لوگوں کو موقع ملتا ہے، میرے نزدیک جس جماعت کا رہنما مشکل وقت میں لندن فرار ہوجائے وہ قابل رحم ہے۔