عمران خان کے خلاف اکٹھے ہونے والے اپنی لوٹ مار بچانا چاہتے ہیں، صمصام بخاری

Samsam Bukhari

لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب صمصام بخاری کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کا غیرفطری سیاسی اتحاد ہونے جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق صمصام بخاری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہ پاکستان تحریک انصاف کا بیانیہ درست ثابت ہوا۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی والے دونوں اندر سے ایک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی اپنے کرتوتوں کا پھل کاٹ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عید کے بعد سڑکوں پر آنے کا شوق پورا کرلیں، پذیرائی نہیں ملے گی، عمران خان کے خلاف اکٹھے ہونے والے اپنی لوٹ مار بچانا چاہتے ہیں۔

افطار کے نام پر کرپشن بچانے کیلئے چوروں کی مجلس ہو رہی تھی، مراد سعید

یاد رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر مراد سعید کا کہنا تھا کہ افطار کے نام پر اپنی کرپشن بچانے کے لیے چوروں کی مجلس ہو رہی تھی، چوروں کو قوم کی لوٹی گئی دولت واپس کرنا ہوگی۔

مراد سعید کا کہنا تھا کہ عمران خان نے پہلے ہی کہا تھا کہ یہ آپس میں نورا کشتی کھیلتے ہیں، ان کی کرپشن پر ہاتھ ڈالاجائے تو یہ سب اکٹھے ہوجاتے ہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جتنی مرضی ضیافتیں اڑالیں، رعایت ملے گی نہ ہی کوئی سمجھوتہ ہوگا، چوروں کوقوم کی لوٹی گئی دولت واپس کرنا ہوگی۔