لاس اینجلس: بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان کی آن اسکرین بیٹی ثنا سعید نے امریکی ساؤنڈ ڈیزائنر کسابا ویگنر سے منگنی کر لی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی اداکارہ ثنا سعید نے نئے سال کے موقع پر لاس اینجلس میں کسابا ویگنر سے منگنی کر لی، ثنا سعید نے فلم ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ میں شاہ رخ خان کی بیٹی کا کردار ادا کیا تھا۔
سابق چائلڈ اداکارہ نے انسٹاگرام پر اپنی منگیتر کے ساتھ ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں کسابا ویگنر کو ان کے سامنے گھٹنے کے بل بیٹھتے ہوئے اور انگوٹھی پہناتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
شیئر کی گئی ویڈیو میں ثنا سعید کو لاس اینجلس میں نئے سال کے موقع پر اپنے دوست کسابا ویگنر کی طرف سے پرپوز کیے جانے کے بعد خوشی سے مسحور ہوتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
فلم ’اسٹوڈنٹ آف دی ایئر‘ میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی ثنا سعید کے منگیتر لاس اینجلس میں ساؤنڈ ڈیزائنر ہیں، ویگنر نے اپنے انسٹاگرام ہینڈل پر ثنا کے ساتھ کئی تصاویر بھی پوسٹ کی ہیں۔
ثنا سعید نے کرن جوہر کی فلم ’کچھ کچھ ہوتا ہے (1998)‘ میں بطور چائلڈ آرٹسٹ ڈیبیو کیا تھا، بعد میں انھوں نے بادل اور ہر دل جو پیار کرے گا جیسی فلموں میں بھی کام کیا، 34 سالہ اداکارہ نے کرن جوہر کی فلم اسٹوڈنٹ آف دی ایئر (2012) سے بطور بالغ اداکارہ ڈیبیو کیا تھا۔ ثنا سعید نے ٹی وی شوز میں بھی کام کیا ہے جیسے کُم کُم، کہیں تو ہوگا، سات پھیرے: سلونی کا سفر، سپنا بابل کا وغیرہ۔