شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ صنم جنگ نے شوہر قسام جعفری کے ساتھ محبت کی کہانی سنادی۔
اداکارہ صنم جنگ نے اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام ’گڈ مارننگ پاکستان میں شرکت کی اور اس دوران مختلف موضوعات پر اظہار خیال کیا۔
انہوں نے بتایا کہ قسام اور میں ساتھ اسکول میں پڑھتے تھے ہم دوست تھے اس کے بعد الگ ہوگئے پھر مختلف تقریبات میں ملاقات ہوجاتی تھی۔
یہ پڑھیں: ’ملک سے باہر شادی نہیں کرنا، کبھی ملک چھوڑ کر نہیں جانا‘ صنم جنگ کا لڑکیوں کو مشورہ
اداکارہ نے کہا کہ قسام کا گھر آنا جانا نہیں تھا، اے لیول اور یونیورسٹی میں الگ ہوگئے تھے پھر وہ بیرون ملک چلے گئے تھے اس کے بعد ہماری جاگنگ ٹریک پر ملاقات ہوئی تھی۔
صنم جنگ نے بتایا کہ ہماری شادی کو دس سال ہونے والے ہیں لیکن 2008 سے شادی کرنے کا سوچ رہے تھے، قسام بہت سادہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب ہم ملے قسام کے پاس بھی نوکری نہیں تھی، میرے پاس بھی کوئی کام نہیں تھا، اس طرح کی محبت بہت الگ ہوتی ہے لیکن قسام کا بچپن سے ہی شوق تھا کہ پائلٹ بننا ہے۔
اداکارہ نے بتایا کہ قسام پائلٹ ہیں تو وہ پندرہ دن گھر پر نہیں ہوتے اور پندرہ دن گھر پر ہوتے ہیں جب وہ ہوتے ہیں تو ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ ساری گروسری وغیرہ دے کر جائیں، جب وہ نہیں ہوتے تو دو بچوں کے ساتھ میرا باہر جانا مشکل ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ صنم جنگ نے 2016 میں اپنے دیرینہ دوست قسام جعفری سے شادی کی تھی، قسام پیشے کے اعتبار سے پائلٹ ہیں اور ان کی دو بیٹیاں ہیں ایک کا نام الایا جعفری اور دوسری کا نام علائزہ ہے۔